اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گٹریش کی جانب سے بھارت کی غیرقانونی قابض حکومت کے کشمیری بچوں کو نظربند کرنے پر گہری تشویش کے اظہار کا خیرمقدم کیا ہے۔
منگل کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ انٹونیو گٹریش کا بھارت سے کشمیری بچوں پر تشدد کے خاتمے کا مطالبہ خوش آئند ہے
۔انٹونیو گٹریش نے بھارت سے کشمیری بچوں پر پیلٹ گنز کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کا بھی مطالبہ کیاہے،سیکرٹری جنرل اقوامِ متحدہ نے کشمیری بچوں پر جاری بھارتی مظالم اور تشدد پر بھی پریشانی کا اظہار کیا۔شہریار خان آفریدی نے کہا کہ سیکرٹری جنرل اقوامِ متحدہ کے مطابق بھارت کو کشمیری بچوں کی نظربندی آخری راستہ کے طور پر اختیار کرنا چاہئے تھی،
اقوامِ متحدہ سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ بھارت کو کشمیری بچوں کی نظربندی کی کم سے کم مدت بھی طے کرنی چاہیے تھی۔شہریار خان آفریدی نے کہا کہ انٹونیو گٹریش کا بھارت سے حراستی مراکز میں ہر قسم کے ناروا سلوک کی روک تھام کیلئے مطالبے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔