دبئی۔10دسمبر (اے پی پی):اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے اذان اویس کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت روایتی حریف بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دے کرمسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی ، گرین شرٹس نے 260 رنز کا ہدف 47 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ،
اذان اویس نے 105 رنز کی دلکش اننگز کھیلی اور مرد میدان قرار پائے، کپتان سعد بیگ اور شاہزیب خان نے نصف سنچریاں سکور کیں ،اتوار کے روز آئی سی سی اکیڈمی ، دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان کے کپتان سعد بیگ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا ، بھارت انڈر 19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 259 رنز بنائے ، ادرش سنگھ نے 62، اودے شرن نے 60 اور سچن دھاس نے 58 رنز کی اننگز کھیلی ، پاکستان کی طرف سے محمد ذیشان نے چار جبکہ عامر حسن اور عبید شاہ نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ، جواب میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے مطلوبہ ہدف 47 اوورز میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ،
اذان اویس نے شاندار سنچری سکور کر کے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ، انہوں نے 10 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 105 رنز بنائے ، سعد بیگ نے 68 ناٹ آؤٹ اور شاہزیب خان نے 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، اذان اویس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔