انڈونیشیا میں زلزلے سےاموات بڑھ کر 51 ہو گئیں، 341 آفٹر شاک ریکارڈ، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

انڈونیشیا میں 7.7 شدت کے زلزلے کے باعث اموات بڑھ کر 51 ہوگئیں جبکہ تقریباً 5,000 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق نائب وزیرِ صحت بینجمن پالوس اوکتاویانوس نے ایک اجلاس میں بتایا ہے کہ مشرقی صوبے نوسا تنگارا میں ہفتے کو آنے والے زلزلے کے باعث سڑکیں بند اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے جبکہ 113 افراد زخمی ہوئے، زلزلے کے …

جکارتہ۔16اگست (اے پی پی):انڈونیشیا میں 7.7 شدت کے زلزلے کے باعث اموات بڑھ کر 51 ہوگئیں جبکہ تقریباً 5,000 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق نائب وزیرِ صحت بینجمن پالوس اوکتاویانوس نے ایک اجلاس میں بتایا ہے کہ مشرقی صوبے نوسا تنگارا میں ہفتے کو آنے والے زلزلے کے باعث سڑکیں بند اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے جبکہ 113 افراد زخمی ہوئے، زلزلے کے بعد تقریباً 341 آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی (BNPB) کے مطابق سِکّا کے علاقے میں 3,300 سے زیادہ افراد نے محفوظ مقامات کا رخ کیا یا ایک سپورٹس ایرینا میں پناہ لی۔

بعض متاثرین منہدم گھروں کے باہر ترپال سے بنائے گئے عارضی خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں جبکہ ساحلی شہر ماؤمیرے میں کچھ زخمیوں کا علاج ہسپتال کے باہر قائم خیمے میں کیا جا رہا ہے۔سِکّا کے نائب ضلعی سربراہ سائمن سوباندی نے کہا کہ علاقے کے تقریباً تمام رہائشی گھروں کے اندر رہنے سے خوفزدہ تھے اور انہوں نے رات برآمدوں یا باہر لگائے گئے خیموں میں گزاری۔ کابینہ سیکرٹری ٹیڈی اندرا وجایا نے کہا کہ علاقے میں 3,500 سے زیادہ فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ریسکیو ادارے نے بتایا کہ امدادی کارکن لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ماؤمیرے کے بعض علاقوں تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق لاپتا افراد کی فوری طور پر کوئی حتمی تعداد دستیاب نہیں، تاہم کئی افراد ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں۔ 1,300 سے زیادہ مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ سرکاری توانائی کمپنی پرتامینا کے مطابق بجلی کی بندش کے باعث 20 پٹرول سٹیشن بھی کام نہیں کر رہے۔ مشرقی نوسا تنگارا کی صوبائی حکومت ہنگامی حالت نافذ کرنے پر غور کر رہی ہے، جس سے حکام کو اضافی وسائل اور فنڈز متحرک کرنے میں مدد ملے گی۔

انڈونیشیا کی موسمیات، آب و ہوا اور جیو فزکس ایجنسی (BMKG) نےبتایا کہ زلزلے کا مرکز مشرقی نوسا تنگارا صوبے میں مبے (Mbay) سے 36 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا، جس کی گہرائی 15 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ واضح رہے کہ یہ زلزلہ 2022 کے بعد انڈونیشیا کا سب سے زیادہ ہلاکت خیز زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے، جب مغربی جاوا میں آنے والے زلزلے میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔