انڈین پریمیئر لیگ میں سن رائزرز حیدرآباد نے پنجاب کنگز کو باآسانی 8 وکٹوں سےہرا دیا

Indian Premier League
Indian Premier League

حیدرآباد۔10اپریل (اے پی پی): انڈین پریمیئر لیگ میں سن رائزرز حیدرآباد نے پنجاب کنگز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی ۔ فاتح ٹیم نے 144 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔سن رائزرز حیدرآباد کے راہول تریپاٹھی نے 74 رنز کی ناقابل شکست دھواں دار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

پنجاب کنگز کے کپتان شیکھر دھوون کی ناقابل شکست 99 رنز کی اننگز اپنی ٹیم کو فتح تو نہ دلا سکی تاہم ان کو عمدہ بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم، حیدرآباد میں کھیلے گئے لیگ کے 14 ویں میچ میں پنجاب کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے، شیکھر دھوون نے ناقابل شکست 99 رنز کی اننگ کھیلی۔

حیدر آباد کے بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث پنجاب کے 9 کھلاڑی ڈبل ڈیجٹ بھی عبور نہ کر پائے۔میانک مرکنڈے نے چار،مارکو جانسن اورعمران ملک نے دو،دو جبکہ بھونیشور کمار نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ جواب میں سن رائزرز حیدر آباد نے مطلوبہ ہدف 17.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔

راہول تریپاٹھی نے48 گیندوں پر 74 رنز کی ناقابل شکست طوفانی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو لیگ میں پہلی فتح دلا نے میں اہم کردار ادا کیا۔ کپتان ایڈن مارکرم ناقابل شکست 37 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔حیدرا ٓباد کے ارشدیپ اور راہول چاہر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ کپتان شیکھر دھوون کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔