انگلش اوپن سنوکر، اولیوَر لائنز کاابتدائی رائونڈ میں عالمی نمبر ون ژاؤ شنتونگ کے خلاف بڑا اپ سیٹ

انگلینڈ کے کیوئسٹ اولیوَر لائنز انگلش اوپن سنوکر ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے۔

لندن۔8ستمبر (اے پی پی):انگلینڈ کے کیوئسٹ اولیوَر لائنز انگلش اوپن سنوکر ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے۔

بی بی سی کے مطابق ورلڈ سنوکر ٹور کے زیر اہتمام انگلش اوپن سنوکر ٹورنامنٹ کا 11 واں ایڈیشن انگلینڈ میں جاری ہے جس میں شائقین سنوکر کو انتہائی دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ انگلینڈ کے 31 سالہ کیوئسٹ اولیوَر لائنز نے عالمی نمبر ون اور 2025 کے عالمی چیمپئن چین کے ژاؤ شنتونگ کو 2-4کے فریم سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا۔ چین کے کیوئسٹ ژاؤ شنتونگ نے مقابلے کے ابتدائی 4 فریمز میں 2 سنچری بریکس کی مدد سے سکور 2-2 سے برابر کردیا تھا، تاہم اولیورلائنز نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اگلے 2 فریمز میں 77 اور 84 کے بریکس بنا کر کامیابی حاصل کرلی۔

اس فتح کے بعد اولیورلائنز کا اگلا مقابلہ آخری 32 کے مرحلے میں چین کے ہی یوان سی جون سے ہوگا۔ اولیورلائنز نے کہا کہ عالمی نمبر ون ژاؤ شنتونگ کے خلاف کھیلتے ہوئے اپنی کارکردگی کا معیار بلند کرنا ضروری تھا اور اگر کوئی کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی کے قریب نہ کھیلے تو اسے ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑتا ہے۔ دوسری جانب آسٹریلیا کے عالمی نمبر 4 کیوئسٹ نیل رابرٹسن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چین کے لو زیتاؤ 3 کے مقابلے میں 4 فریم سے شکست دے دی۔ سابق عالمی چیمپئن کیرِن ولسن نے پولینڈ کے میٹیوش بارانووسکی کو 1-4 سے ہرایا، جبکہ چین کے 3 مرتبہ یوکے چیمپئن ڈِنگ جون ہوئی نے مائیکل ہولٹ کے خلاف 3-4 سے کامیابی حاصل کی۔

مزید خبریں