لندن۔22اگست (اے پی پی):انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ میں آرسنل نے کرسٹل پیلس کو شکست دے دی۔ مارٹن اوڈیگارڈ نے واحد گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ آرسنل کی انگلش پریمیئر لیگ کے 32 ویں سیزن میں مسلسل دوسری فتح ہے۔
پریمیئر لیگ کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں۔ سیلہرسٹ پارک، لندن میں کھیلے گئے میچ میں آرسنل اور کرسٹل پیلس کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں سخت مقابلے کے باعث میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑتوڑ حملے کئے لیکن میچ کے 54 ویں منٹ میں آرسنل کو ملنے والی پنالٹی کک کا مارٹن اوڈیگارڈ نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے عمدگی سے گیند کو جال میں پھنک کر اپنی ٹیم کو کرسٹل پیلس کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
یوں آرسنل نے کرسٹل پیلس کو انتہائی سخت مقابلے کے بعد 0-1 گول سے ہرا کر لیگ میں مسلسل دوسری فتح اپنے نام کرلی۔ اس فتح کے بعد آرسنل کی ٹیم ای پی ایل پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے