انگلینڈ کے کپتان ہیری کین کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم ابھی تک اس ‘لاپتہ کڑی’ کو تلاش کر رہی ہے جس کی کمی بڑے ٹورنامنٹس میں کامیابی کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔شنہوا کے مطابق 23 ویں فیفا ورلڈ کپ سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن اور تین مرتبہ کی عالمی چیمپئن ارجنٹائن کے ہاتھوں 1-2 سے شکست کے بعد انگلینڈ ٹیم کے کپتان ہیری کین نے گہرے دکھ …
انگلش کپتان ہیری کین ورلڈ کپ سیمی فائنل میں شکست پر رنجیدہ ہوگئے

مزید خبریں
اٹلانٹا۔16جولائی (اے پی پی):انگلینڈ کے کپتان ہیری کین کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم ابھی تک اس ‘لاپتہ کڑی’ کو تلاش کر رہی ہے جس کی کمی بڑے ٹورنامنٹس میں کامیابی کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔شنہوا کے مطابق 23 ویں فیفا ورلڈ کپ سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن اور تین مرتبہ کی عالمی چیمپئن ارجنٹائن کے ہاتھوں 1-2 سے شکست کے بعد انگلینڈ ٹیم کے کپتان ہیری کین نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ اس ہار نے 1966 کے بعد سے انگلینڈ کے ورلڈ کپ جیتنے کے انتظار کو مزید طویل کر دیا ہے جبکہ ٹیم گزشتہ دو یورو فائنلز میں پہنچنے کے باوجود ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہی ہے۔ ہیری کین نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس ٹورنامنٹ میں بہت سے اچھے لمحات اور بہترین میچز کھیلے اور ایک بار پھر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ ہم اکثر فائنل لائن کے قریب پہنچنے کی بات کرتے ہیں لیکن ہمیں ٹورنامنٹ کے آخری مراحل میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے اس حتمی کڑی کی ضرورت ہے جو فی الحال غائب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ٹورنامنٹس میں بہت زیادہ محنت، دباؤ اور ذہنی مضبوطی درکار ہوتی ہے جو ہمارے کھلاڑیوں نے چھ سات ہفتوں کے دوران دکھائی لیکن ہم فائنل لائن عبور کرنے سے رہ گئے۔میچ میں انتھونی گورڈن نے دوسرے ہاف کے آغاز میں انگلینڈ کو برتری دلائی تھی لیکن ارجنٹائن نے اینزو فرنانڈیز اور لاؤتارو مارٹنیز کے گولز کی بدولت شاندار واپسی کی اور فائنل میں جگہ پکی کر لی۔ ٹورنامنٹ میں تاحال چھ گول سکور کرنے والے ہیری کین نے کہا کہ میں کھلاڑیوں،سٹاف اور شائقین سب کے لیے انتہائی رنجیدہ ہوں، ہم نے میچ کے زیادہ تر حصے میں بہترین کھیل پیش کیا لیکن ایک گول کی برتری حاصل کرنے کے بعد ہم دفاعی پوزیشن میں آ گئے جو اس سطح کے کھیل میں کافی نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لڑکوں نے میدان میں اپنا خون پسینہ ایک کیا لیکن برتری حاصل کرنے کے بعد ہم ارجنٹائن پر دباؤ برقرار رکھنے میں ناکام رہے جس کا انہوں نے فائدہ اٹھایا۔ واضح رہے کہ انگلینڈ ٹیم اب آئندہ ہفتہ کو میامی میں دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن فرانس کے خلاف تیسری پوزیشن کے پلے آف میچ میں حصہ لے گی۔








