برلن۔11جولائی (اے پی پی):انگلینڈ کی ٹیم یورپین فٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئی ۔ انگلینڈکی ٹیم نےچیمپئن شپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں سخت مقابلے کے بعد نیدرلینڈزکو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر دوسری مرتبہ فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم نےیورپین فٹ بال چیمپئن شپ 2020 کے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا تاہم اس میں برطانوی ٹیم کو اٹلی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ہیری ایڈورڈ کین اور اولیور جارج آرتھر واٹکنز نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم انگلینڈ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ نیدرلینڈز کی طرف سے واحد گول کوئنٹن شی سائمنز نے سکور کیا۔ یوئیفا کے زیر اہتمام یورپین چیمپئن شپ کے دلچسپ مقابلے جرمنی میں جاری ہیں، جس میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
ویسٹ فالن سٹیڈیون، ڈارٹمنڈ میں کھیلے گئے چیمپئن شپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں انگلینڈ اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں انگلینڈ فٹ بال ٹیم نے نیدرلینڈز کی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد 1-2 گول سے ہرا دیا۔نیدرلینڈز کی طرف سے پہلا گول کوئنٹن شی سائمنز نے میچ شروع ہونے کے بعد 7 ویں منٹ پر سکور کیااور اپنی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلا دی۔انگلینڈ کے ہیری ایڈورڈ کین نے میچ کے 18ویں منٹ پر ملنے والی پنالٹی کک کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ میچ کے پہلے ہاف پر دونوں ٹیموں کےدرمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا۔ انگلینڈ کے اولیور جارج آرتھر واٹکنز میچ کے اختتامی لمحات میں 90 ویں منٹ پر ایک گول کر کے مقابلہ 1-2 کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا اور یوں انگلینڈ کی ٹیم نے نیدرلینڈز کو سخت مقابلے کے بعد 1-2 گول سے ہرا کر یورپین فٹ بال چیمپئن شپ 2020 کے بعد دوسری مرتبہ فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔انگلینڈ کا یورپین فٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میں مقابلہ سپین سے ہوگا۔