انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل میچ بدھ کو کھیلا جائے گا، کانٹے دار مقابلے کی توقع

53
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں (کل)دو میچ کھیلے جائیں گے

ابوظہبی ۔9نومبر (اے پی پی):انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل میچ (کل) بدھ کو کھیلا جائے گا ، انگلینڈ ٹیم کی قیادت آئن مورگن کریں گے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کین ولیمسن کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ پہلے سیمی فائنل میچ میں کامیابی کے لئے دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ میچ میں کانٹے دار مقابلہ ہوگا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 11نومبر کو دوسرے سیمی فائنل میں نبردآزما ہوں گی ۔

آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2021کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی، پاکستان، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے ناک آئوٹ مرحلے میں جگہ بنا لی ہے، پاکستانی ٹیم مسلسل پانچ فتوحات کے ساتھ میگا ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔

گرین شرٹس نے ورلڈکپ سپر 12 رائونڈ کے گروپ ٹو میں روایتی حریف بھارت، نیوزی لینڈ، افغانستان، نمیبیا اور سکاٹ لینڈ کی ٹیموں کو شکست سے دوچار کیا۔ دوسری جانب، انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے چار، چار کامیابیاں حاصل کیں۔

میگا ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں (کل) بدھ کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں شیخ زاہد سٹیڈیم ابو ظہبی کے مقام پر آمنے سامنے ہوں گی، 11 نومبر کو دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کا ٹاکرا آسٹریلیا سے ہو گا اور یہ میچ انٹرنیشنل سٹیڈیم ، دبئی میں کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل اور فائنل میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوں گے۔ واضح رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کا فائنل میچ 14 نومبر کو کھیلا جائے گا۔