برمنگھم ۔ 15 اگست (اے پی پی) انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ (کل) جمعرات سے برمنگھم میں شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈین ٹیم ان دنوں دورہ انگلینڈ پر ہے جہاں وہ میزبان ٹیم سے تین ٹیسٹ، ایک ٹی 20 اور پانچ ون ڈے میچ کھیلے گی۔ ویسٹ انڈیز نے سیریز سے قبل ایسیکس، کینٹ اور ڈربی شائر کاﺅنٹی سے وارم اپ میچز کھیلے جو تینوں ڈرا ہوئے۔ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ (کل) جمعرات سے برمنگھم میں شروع ہوگا۔ دوسرا ٹیسٹ 25 سے 29 اگست تک لیڈز جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 7 سے 11 ستمبر تک لندن میں کھیلا جائے گا۔ دورے میں شامل واحد ٹی 20 انٹرنیشنل 16 ستمبر کو چیسٹر لی سٹریٹ میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 19 ستمبر کو مانچسٹر، دوسرا 21 ستمبر کو نوٹنگھم، تیسرا 24 ستمبر کو برسٹول، چوتھا 27 ستمبر کو لندن جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے 29 ستمبر کو ساﺅتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔