انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی

124
انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی

ویلنگٹن۔8دسمبر (اے پی پی):انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو 323 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ۔ ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 427 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی۔ جو روٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 106 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ۔

یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی 36 ویں سنچری ہے ، کپتان بین سٹوکس 49 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدی اور میٹ ہینری نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 302 رنز کی برتری حاصل کی ، اس طرح نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 583 رنز کا ہدف ملا ، نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 259 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

ٹام بلنڈل نے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 102 گیندوں پر 115 رنز بنائے ، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے ، دیگر بیٹرز میں نیتھن سمتھ 42 ، ڈیرل مچل 32 ، ٹام لیتھم 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔

انگلینڈ کی طرف سے بین سٹوکس نے تین جبکہ کرس ووکس ، بریڈن کریز اور شعیب بشیر نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ، ہیری بروک کو پہلی اننگز میں سنچری اور دوسری اننگز میں نصف سنچریاں بنانے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔