انگلینڈ نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 222 رنز کا ہدف دے دیا

کراچی۔23ستمبر (اے پی پی):انگلینڈ نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 222 رنز کا ہدف دے دیا، انگلش ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جمعہ کو کھیلے جارہے7ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میںانگلینڈ نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 222 رنز کا ہدف دیا ہے۔ انگلش ٹیم نے اپنے بیٹنگ پاور پلے کے دوران ابتدائی 6 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز بنائے۔

بین ڈکٹ اور ہیری بروک کی چوتھی وکٹ کی شراکت میں 69 گیندوں پر ناقابل شکست 139رنز بنے جس نے انگلینڈ کی ٹیم کو ایک بڑا اور مستحکم اسکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔اس دوران پاکستانی بالرز بلکل بے بس نظر آئے اور دونوں بلے بازوں نے گرائونڈ کے چاروں جانب آزادی کے ساتھ دلکش اسٹروکس کھیلے۔

کسی بھی ٹیم کا پاکستان کے خلاف یہ سب سے بڑا اسکور ہے۔ہیری بروک نے 35 گیندوں پر 5 بلند و بالا چھکے اور 8 زبردست چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 81 رنز بنائے جبکہ بین ڈکٹ نے 42 گیندوں پر ایک چھکا اور 8 چوکوں کی مدد سے69 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔

ول جیکس 40، ڈاوڈ ملان 14،فل سالٹ 8 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔پاکستانی بالر شاہنواز ڈھانی نے اپنے مقرر 4 اوورز میں کوئی وکٹ حاصل کئے بغیر 62 رنز دئیے جو کسی بالر کے لئے رنزدینے کے اعتبار سے دوسرابڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل 2016 میں عثمان شنواری نے جنوبی افریقہ کے خلاف 64 رنز دئیے تھے۔عٹمان قادر نے 48 رنز دیکر 2 اور محمد حسنین نے 36 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔