انگلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کے فٹنس مسائل پر مکمل قابو، شارلٹ ایڈورڈز کا دعویٰ

لندن۔31مارچ (اے پی پی):انگلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کی ہیڈ کوچ شارلٹ ایڈورڈز نے کہا ہے کہ ٹیم کے فٹنس سے متعلق تمام خدشات اب مکمل طور پر ختم ہو چکے ہیں اور کھلاڑی بہترین جسمانی حالت میں ہیں۔ بی بی سی کے مطابق آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی مایوس کن کارکردگی کے بعد کھلاڑیوں کی فٹنس پر شدید تنقید کی گئی تھی۔ سابق سپنر …

لندن۔31مارچ (اے پی پی):انگلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کی ہیڈ کوچ شارلٹ ایڈورڈز نے کہا ہے کہ ٹیم کے فٹنس سے متعلق تمام خدشات اب مکمل طور پر ختم ہو چکے ہیں اور کھلاڑی بہترین جسمانی حالت میں ہیں۔ بی بی سی کے مطابق آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی مایوس کن کارکردگی کے بعد کھلاڑیوں کی فٹنس پر شدید تنقید کی گئی تھی۔ سابق سپنر الیکس ہارٹلی نے بعض کھلاڑیوں پر فٹنس کے معاملے میں ٹیم کو نقصان پہنچانے کا الزام بھی عائد کیا تھا۔بعد ازاں ویمنز ایشز کے دوران بھی یہ مسئلہ زیر بحث رہا جبکہ اس وقت کے کوچ جون لیوس نے اسے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے کرکٹ کلچر کے فرق سے جوڑا تھا۔شارلٹ ایڈورڈز نے عہدہ سنبھالنے کے بعد کھلاڑیوں کے لئے کم از کم فٹنس معیار مقرر کیے اور مرحلہ وار نئے اہداف بھی متعارف کرائے۔

ان کا کہنا تھا کہ واضح توقعات طے ہونے کے بعد کھلاڑیوں نے انہیں نہ صرف قبول کیا بلکہ بھرپور انداز میں ان پر عمل بھی کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کی فیلڈنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے اور حالیہ انٹرا سکواڈ میچز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی۔ ان کے مطابق فٹنس صرف دوڑنے تک محدود نہیں بلکہ اس میں چستی، ردعمل اور مجموعی ایتھلیٹک صلاحیتیں بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ انگلینڈ ٹیم رواں سال ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گی، جہاں بہتر فٹنس ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔