انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو تین ٹیسٹ میچوں کی سریز میں وائٹ واش کردیا،تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کو ہوم گرائونڈ پر انگلینڈ کے خلاف کلین سویپ شکست کا سامنا، ہیری بروک میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

151

کراچی۔20دسمبر (اے پی پی):انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مشن کلین سویپ مکمل کر لیا،تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کو اس کی سرزمین پر انگلینڈ کے خلاف کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا،انگلینڈ نے پاکستان کو 70 سال میں پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کردیا، ہیری بروک شاندار بلے بازی پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا،پاکستان کی ٹیم کو ہوم گرائونڈ پر مسلسل چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس سے قبل آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان ہوم گراؤنڈ پر 1960 میں ٹیسٹ سیریز 0-2سے ہارا تھا۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز منگل کو مہمان انگلینڈ ٹیم نے پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سریز میں وائٹ واش کردیاجب انہوں نے میزبان ٹیم کو 8 وکٹوں کی زبردست شکست سے دوچار کیا۔ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کو ہوم گرائونڈ پر انگلینڈ کے خلاف کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا۔

انگلش ٹیم نے 167 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بناکر پورا کرلیا،ہیری بروک کو پہلی اننگز میں 111 اور دوسری اننگز میں 35 ناٹ آئوٹ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ چوتھے روز کھیل کے آغاز پر انگلینڈ نے ابتدائی 38 منٹ میں مزید درکار 55 رنز بنالئے۔ کریز پر موجود بین ڈکٹ نے 78 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد 82 رنز اور کپتان بین سٹوکس نے43 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 35 رنز بنائے۔

یہ پاکستان کی 2022 میں ہوم گرائونڈ پر مسلسل چوتھی شکست ہے،اس سے پہلے رواں سال کے شروع میں بابراعظم کی پاکستان ٹیم کو آسٹریلیا کی پیٹ کمنز کی ٹیم کےہاتھوں لاہور ٹیسٹ میں 115 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

انگلینڈ کے ساتھ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے پنڈی ٹیسٹ میں 74 رنز، دوسرے ملتان ٹیسٹ میں26 رنز اورتیسرے کراچی ٹیسٹ میں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 2 وکٹ کے نقصان پر 112 رنز بنائے تھے، سیریز کلین سویپ کرنے کیلئے مزید 55 رنز درکارتھے جو انہوں نے چوتھے روز کے ابتدائی 38 منٹ میں بناکر پاکستان کومیچ میں 8 وکٹوں سے ہرا دیا۔

بین ڈکٹ 82 اور کپتان بین سٹوکس 35 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستانی بولر ابراراحمد نے دوسری اننگز میں 12 اوورز میں 78 رنز کے عوض2 وکٹیں حاصل کیں۔انگلینڈ ٹیم کے ہیری بروک کو شاندار بیٹنگ پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔