پیرس۔9اگست (اے پی پی):پیرس اولمپکس2024ء میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ اولمپکس گولڈ میڈل جیتنے اور اولمپکس ریکارڈ بریک کرنے کی بہت خوشی ہے، میرے پاس کہنے کو الفاظ نہیں ہیں، گولڈ میڈل حاصل کرنا میرے اور پورے ملک کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ جمعہ کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ میری طرف سے پورے پاکستان اور قوم کو مبارکباد، گولڈ میڈل کی خوشی کی وجہ سے نیند نہیں آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کامیابی کے بعد مبارکباد لے رہا ہوں اور مبارکباد دے رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید تھی کہ اولمپکس میں قوم کو مایوس نہیں کروں گا، میری قسمت میں گولڈ میڈل لکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بہت زیادہ خوشی ہو رہی ہےمیں نے پیرس اولمپکس میں ریکارڈ بھی بریک کیا، میرے پاس کہنے کو الفاظ نہیں ہیں، پاکستان میں بہت سالوں بعد خوشی ملی ہے، گولڈ میڈل جیتنے کے بعد میری آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے۔ میں نے ٹوکیو اولمپکس میں بھی میڈل جیتنے کی بہت کوشش کی تھی، پوری کوشش تھی اس بار گولڈ میڈل لے جائوں، اللہ تعالی نے مجھے میرے مقصد میں کامیاب کیا۔