اولمپکس 2028مشعل کے امریکی سفر کا آغاز اٹلانٹا سے ہوگا

لاس اینجلس 2028 اولمپکس کی اولمپک مشعل کے امریکی سفر کا پہلا پڑاؤ اٹلانٹا مقرر کر دیا گیا ہے۔ منتظمین کے مطابق مشعل یونان سے روانگی کے بعد امریکا کی تمام 50 ریاستوں سے گزرے گی اور بالآخر افتتاحی تقریب کے لئے لاس اینجلس پہنچے گی

لاس اینجلس۔30ستمبر (اے پی پی):لاس اینجلس 2028 اولمپکس کی اولمپک مشعل کے امریکی سفر کا پہلا پڑاؤ اٹلانٹا مقرر کر دیا گیا ہے۔ منتظمین کے مطابق مشعل یونان سے روانگی کے بعد امریکا کی تمام 50 ریاستوں سے گزرے گی اور بالآخر افتتاحی تقریب کے لئے لاس اینجلس پہنچے گی۔شنہوا کے مطابق اولمپک مشعل روایتی طور پر قدیم اولمپیا، یونان میں روشن کی جائے گی، جس کے بعد یونان میں مختصر سفر مکمل کرنے کے بعد اسے ایتھنز کے تاریخی پیناتھینائیک سٹیڈیم میں امریکی منتظمین کے حوالے کیا جائے گا۔ امریکا میں مشعل کا پہلا پڑاؤ اٹلانٹا ہوگا، جہاں 1996 کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی کی گئی تھی۔ منتظمین نے اٹلانٹا کے انتخاب کو امریکا میں گزشتہ گرمائی اولمپکس کی یاد اور لاس اینجلس 2028 کے درمیان ایک علامتی تعلق قرار دیا ہے۔ لاس اینجلس 2028 کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین اور صدر کیسی واسرمین نے کہا کہ اولمپک کھیل ایک مشعل سے شروع ہوتے ہیں اور اسے امریکا کی تمام 50 ریاستوں تک لے جانا اعزاز ہے۔ اٹلانٹا کے بعد مشعل مختلف تاریخی مقامات، ثقافتی اور کھیلوں کی تقریبات سے گزرتی ہوئی منتخب شہروں میں خصوصی تقریبات کا حصہ بنے گی۔ اٹلانٹا کے میئر آندرے ڈکنز نے مشعل کی شہر میں واپسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ 1996 کے اولمپکس نے شہر کی تاریخ بدل دی تھی اور اٹلانٹا ایک بار پھر مشعل کا استقبال کرنے اور اسے لاس اینجلس کی جانب روانہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ منتظمین کے مطابق مشعل کے مکمل سفر کا راستہ 2027 میں جاری کیا جائے گا جبکہ مشعل کا امریکی سفر 2028 کی بہار میں شروع ہوگا اور لاس اینجلس اولمپکس کی افتتاحی تقریب پر اختتام پذیر ہوگا۔