اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل یوتھ ڈے پر قومی ہیرو ارشد ندیم اور تمام نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جیولین تھرو مقابلے کے اولمپک چیمپئن ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر ثابت کیا ہے کہ پاکستانی نوجوان محنتی اور با صلاحیت ہیں، ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں غیر معمولی کارکردگی دکھا کر نوجوانوں کو نیا جوش اور جذبہ دیا ہے۔ نوجوانوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کی سب سے بڑی قوت ہیں اور یہ پاکستان کی تقدیر بدلنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں اور پاکستانی نوجوانوں نے زندگی کے ہرشعبے میں خداداد صلاحیتوں سے ملک کا نام روشن کیا ہے، نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، یوتھ پر سرمایہ کاری خوشحال اور تابناک پاکستان پر سرمایہ کاری ہے، نوجوانوں کو آج جتنا بااختیار بنائیں گے، ہمارا کل اتنا ہی خوبصورت ہو گا، نوجوانوں کیلئے ایسے مساوی ماحول کو پروان چڑھانا ہے جہاں وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے حکومت کے ساتھ نجی شعبے کو آگے آنا ہوگا، انٹرنیشنل یوتھ ڈے پر نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے مزید موثر اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔