اونائی ایمری کا جادو چل گیا، آسٹن ولا 30 سال بعد فائنل میں پہنچ گئی
اونائی ایمری کا جادو چل گیا، آسٹن ولا 30 سال بعد فائنل میں پہنچ گئی
برمنگھم۔8مئی (اے پی پی):مینیجر اونائی ایمری کی شاندار حکمت عملی کی بدولت آسٹن ولا نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناٹنگھم فارسٹ کو سیمی فائنل مرحلے کے دوسرے لیگ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-4 سے عبرتناک شکست دے کر یوئیفا یوروپا لیگ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
ای ایس پی این کے مطابق جان میک گین نے دو جبکہ اولی واٹکنز اورایمیلیانو بوینڈیا نے ایک، ایک گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جمعہ کو ولا پارک ،برمنگھم میں کھیلے گئے اس یکطرفہ مقابلے میں اولی واٹکنز، ایمیلیانو بوئنڈیا اور کپتان جان میک گن نے گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔
اس فتح کے ساتھ ہی آسٹن ولا کا 30 سالہ طویل انتظار ختم ہونے کے قریب ہے اور وہ اب استنبول میں ہونے والے فائنل میں فرائی برگ کے مدمقابل ہوگی۔ اونائی ایمری کے لیے یہ چھٹا یوروپا لیگ فائنل ہوگا،
وہ اس سے قبل چار بار یہ ٹرافی جیت کر اپنی مہارت ثابت کر چکے ہیں۔دوسری جانب ناٹنگھم فارسٹ کے لیے یہ رات کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھی، جہاں اہم کھلاڑیوں کی انجری اور ولا کے جارحانہ کھیل نے ان کا فائنل تک پہنچنے کا خواب چکنا چور کر دیا۔ اب پوری دنیا کی نظریں دو ہفتے بعد استنبول میں ہونے والے بڑے ٹکراؤ پر جمی ہیں۔









