سیالکوٹ۔18دسمبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈائریکٹرمحکمہ لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ سیالکوٹ ڈاکٹر انعام علی اطہر نے کہا ہے کہ ملک میں اون کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث اچھی اون کےلئے بھیڑوں کی علاقائی نسلیں پالنے کو ترجیح دینا ہو گی، اس سلسلے میں مویشی پال حضرات ویٹرنری ڈاکٹروں سے مشاورت کریں تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ مالی فائدہ حاصل کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے مویشی پال حضرات کو ہدایت کی کہ بھیڑوں کے باڑے کو سطح زمین سے 2فٹ اونچا رکھا جائے، بھیڑوں کو کرم کش ادویات ہر 4ماہ بعد پلوائی جائیں اور اون کی کترائی سال میں 2 بار (موسم بہار اور خزاں میں)سال میں 2بار کروائی جائے۔ا نہوں نے کہا کہ بھیڑوں اور بکریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کےلئے حفاظتی ٹیکے لگوائیں جائیں اور حاملہ بھیڑوں کو آخری ماہ ریوڑ سے الگ کر کے زود ہضم غذا کی فراہمی کو بھی اولین ترجیح دی جائے۔