اسلام آباد ۔ 2 اپریل (اے پی پی)اوورسیز پاکستانیز فاﺅنڈیشن نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے اپنے تمام علاقائی دفاتر میں نادرا سوئفٹ سنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان سنٹرز میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو او پی ایف کے ملک بھر میں علاقائی دفاتر میں شناختی کارڈز کی تجدید، بچوں کے ”ب“ فارم اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) کی سہولت بھی میسر ہو گی۔ او پی ایف ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں نادرا سوئفٹ سنٹرز پہلے ہی کام کر رہا ہے جس سے ہر ماہ ہزاروں کی تعداد میں سمندر پار پاکستانیز استفادہ کر رہے ہیں۔ ایم ڈی او پی ایف ڈاکٹر عامر شیخ نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ ہم سمندر پار پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں اور او پی ایف نادرا سوئفٹ سنٹرز کا قیام اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو نادرا سے متعلق اپنے مختلف کاموں کےلئے مشکلات کا سامنا رہتا ہے اور ان مشکلات کو کم کرنے کیلئے ہم نے ہیڈ آفس کے بعد اب او پی ایف کے تمام علاقائی دفاتر میں بھی نادرا سوئفٹ سنٹر ز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سمندر پار پاکستانیوں کو نادرا سے متعلق اپنے تما م امور کو نمٹانے میں آسانی رہے ۔