اوپن یونیورسٹی، کلیہ سماجی علوم کے فیکلٹی بورڈ کا اجلاس، مختلف تدریسی پروگراموں کی منظوری

93
اوپن یونیورسٹی، کلیہ سماجی علوم کے فیکلٹی بورڈ کا اجلاس، مختلف تدریسی پروگراموں کی منظوری
اوپن یونیورسٹی، کلیہ سماجی علوم کے فیکلٹی بورڈ کا اجلاس، مختلف تدریسی پروگراموں کی منظوری

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈہیومنٹیز کی فیکلٹی بورڈ کا اجلاس گذشتہ روز ڈین، پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر کی زیرصدارت منعقد ہوا ،جس میں مختلف شعبہ جات کے پوسٹ گریجویٹ، بی ایس،ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کی سکیم آف سٹڈیز کے علاوہ دیگر متعلقہ تدریسی و نصابی امور کی منظوری دی گئی۔اجلاس نے تمام پروگراموں کے کورسز کے معیار اور کریڈٹ آوورز کی تعداد ہائر ایجوکیشن کمیشن اور یونیورسٹی کی پالیسی سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیا۔ اجلاس میں فیکلٹی کے تمام اساتذہ نے شرکت کی جبکہ بیرونی ممبران میں ڈاکٹر سلمان باسط، ڈاکٹر ناہید قمر اور ڈاکٹر فوزیہ اسلم شامل تھے۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی ہدایات کی روشنی میں معیاری تعلیم پر خصوصی توجہ ہوگی،تمام پروگرامز کو ایچ ای سی کی ہدایات کے مطابق عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی ہدایت کی روشنی میں فہم القرآن اور سیرتِ طیبہ کو تمام تدریسی پروگراموں میں لازمی قرار دیا جائے جبکہ سوک اینڈ کمیونٹی انگیجمنٹ کو بھی شامل کرنے کے لیے ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے کہا کہ بی ایس اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس کی ایسوسی ایشن آف چارڈڈ سرٹیفائڈ اکاؤنٹس سے منظوری خوش آئند ہے ،اب پاکستانی طلبہ کو بیرون ملک تعلیمی دشواریوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے اجلاس کو بتایا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی خصوصی ہدایت پر شعبہ پاکستانی زبانیں نے پشتو، پنجابی، سندھی اور بلوچی زبان و ادب کے فروغ کے لئے چار نئے کورسز تیار کئے جو کہ یونیورسٹی کے تمام بی ایس پروگراموں کا لازمی حصہ ہوں گے۔واضح رہے کہ فیکلٹی بورڈ کے تمام فیصلوں کی منظوری اکیڈمک کونسل کے آئندہ اجلاس سے لی جائے گی۔