اوپن یونیورسٹی نے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگراموں کے نتائج کا اعلان کر دیا

155

اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2023 میں پیش کئے گئے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز(جنرل،، کامرس، ایجوکیشن، ماس کمیونیکیشن، لائبریری سائنس اور درس نظامی)کے علاوہ بی اے(اولڈ)پروگرام کے نتائج کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ کنٹرولر امتحانات میاں محمد ریاض کے مطابق نتائج طلبہ کے پورٹلز پر اپ لوڈ کر دئیے گئے ہیں جن طلبہ کے پروگرامز مکمل ہوگئے ہیں، ان کے پرویژنل سرٹیفکیٹس جلد ان کے پورٹلز پر دستیاب کر دئیے جائیں گے تاکہ وہ اگلے پروگرام میں داخلہ حاصل کر سکیں۔

واضح رہے کہ سمسٹر خزاں 2024 کے دوسرے مرحلے کے داخلے یکم ستمبر سے شروع ہوں گے، اس مرحلے میں بی ایس(او ڈی ایل)پروگرامز، ٹیچرز ٹریننگ پروگرامز، پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرامز اور سرٹیفکیٹ کورسز شامل ہوں گے۔پاس آئوٹ ہونے والے طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پسند کے اگلے پروگرام میں داخلے کے لئے یونیورسٹی کے دوسرے مرحلے کے داخلوں کا انتظار کریں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ گریجویٹ ہونے والے طلبہ اعلیٰ تعلیم بھی یہاں سے حاصل کریں گے۔ انہوں نے علاقائی دفاتر کے ناظمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ طلبہ کی سہولتوں کا خاص خیال رکھیں، ان کی بھرپور راہنمائی کریں اور انہیں ہرممکن سپورٹ فراہم کی جائے۔