اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق سوئی کمپنیوں کی فروری 2025کے لئے ری گیسیفائیڈ لیکوئڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمتوں کا تعین کر کے اضافہ کر دیا ہے جس کا اطلاق یکم فروری 2025 سے ہوگا ۔ ترجمان اوگرا عمران غزنوی کے جاری بیان کے مطابق آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سپلائی کی لاگت میں اضافہ اورڈیلیوری ایکس شپ (ڈی ای ایس ) کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے ہوتاہے ۔
انہوں نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ ( جنوری 2025) کے مقابلے میں آر ایل این جی کی قیمت میں 1.86 فیصد یا 0.2358 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہواہے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ ( جنوری 2025) کے مقابلے میں 0.0715 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو یا0.57فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اوگرا نےجمعرات کو جاری اپنے نوٹیفکیشن میں ایس این جی پی ایل صارفین کے لیے آر ایل این جی کی اوسط فروخت کی قیمت 12.9025 ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کے لئے 12.6729 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی ہے۔ترجمان نے کہا کہ جنوری کے مہینے کے لئے ریگولیٹر نے ایس این جی پی ایل صارفین کے لئے آر ایل این جی ڈسٹری بیوشن قیمت 12.6667 ڈالر / ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کےلئے 12.6014 ڈالر / ایم ایم بی ٹی یو کے طور پر نوٹیفائی کی تھی۔آر ایل این جی قیمتوں کا نوٹیفکیشن اوگرا ویب سائٹ پر موجود ہے۔