OGRAاسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق سوئی کمپنیوں کی جنوری 2024 کے لئے ری گیسیفائیڈ لیکوئڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمتوں کا تعین کر کےکمی کر دی جس کا اطلاق یکم جنوری 2024 سے ہوگا ۔
ترجمان اوگرا عمران غزنوی کے جاری بیان کے مطابق آر ایل این جی کی قیمتوں میں کمی کی وجہ ڈیلیوری ایکس شپ (ڈی ای ایس ) میں کمی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ ( دسمبر 2023) کے مقابلے میں آر ایل این جی کی قیمت میں 7.58 فیصد یا 1.1220 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی ہوئی ہے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ ( دسمبر 2023) کے مقابلے میں 1.2074 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو یا 7.81 فیصد کمی ہوئی ہے۔
اوگرا نے جمعرات کو جاری اپنے نوٹیفکیشن میں ایس این جی پی ایل صارفین کے لیے آر ایل این جی کی اوسط فروخت کی قیمت 13.6898 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کے لئے 14.2451 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ دسمبر کے مہینے کے لئے ریگولیٹر نے ایس این جی پی ایل صارفین کے لئے آر ایل این جی ڈسٹری بیوشن قیمت 14.8118 ڈالر / ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کےلئے 15.4524 ڈالر / ایم ایم بی ٹی یو کے طور پر نوٹیفائی کی تھی۔آر ایل این جی قیمتوں کا نوٹیفکیشن اوگرا ویب سائٹ پر موجود ہے۔