او آئی سی مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے موثر کردار ادا کر سکتی ہے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

119
او آئی سی مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے موثر کردار ادا کر سکتی ہے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، اسلامو فوبیا، امن و سلامتی اور تنازعات کے حل کیلئے او آئی سی کے موثر کردار کا متقاضی ہے،57 مسلم ممالک کی آواز کی حامل او آئی سی، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے موثر کردار ادا کر سکتی ہے۔

یہ بات انہوں نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان کے دورہ پر ائے ملایشیا کے اپنے ہم منصب سیف الدین عبداللہ کہی جنہوں نے ہفتہ کو وفد کے ہمراہ ان سے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔

ملاقات کےدوران دو طرفہ تعلقات ،علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، ملائشیا کے ساتھ اقتصادی، تجارتی، دفاعی، تعلیمی، سیاحتی، اور سائنسی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پر عزم ہے۔

اہم علاقائی و عالمی امور کے حوالے سے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان اور ملایشیا کے مابین نقطہ نظر میں مماثلت خوش آئند ہے۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور ملائشیا کے درمیان عوام کی سطح پر روابط کے فروغ کیلئے سفری پابندیوں پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، او آئی سی کو مسلم امہ کی مستحکم آواز گردانتے ہوئے، اسلامو فوبیا، امن و سلامتی اور تنازعات کے حل کیلئے او آئی سی کے موثر کردار کا متقاضی ہے۔چالیس سال کی جنگ و جدل کے بعد افغانستان میں قیام امن کی ایک امید دکھائی دی ہے۔

افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے مضمرات ہمسایہ ممالک، خطے اور دنیا بھر کو متاثر کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر او آئی سی کے شکر گزار ہیں۔ملائشیا کے وزیر خارجہ سیف الدین عبداللہ نے پرتپاک خیر مقدم اور پر خلوص میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔