او آئی سی کانفرنس افغانستان کو درکار امداد اور توجہ کے حوالے سے تاریخی کردار ادا کرے گی، وزیر اعظم عمران خان خصوصی خطاب کریں گے،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی میڈیا سے گفتگو

163

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اوآئی سی کانفرنس سے خصوصی خطاب کریں گے۔

جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ او آئی سی اجلاس کے لیے آنے والے غیر ملکی مندوبین ہمارے مہمان ہیں ان کا خصوصی خیال رکھا جائے گا تاکہ ان کی خدمت اور ان کی سکیورٹی میں کسی قسم کی کوئی کسر نہ رہ جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں 57 ممالک کے مندوبین اور وزرا خارجہ شرکت کرنے آرہے ہیں، او آئی سی کانفرنس اس وقت افغانستان کی صورتحال ، وہاں پرجنم لیتے انسانی مسائل اور افغانستان کو درکار امداد اور توجہ کے حوالے سے تاریخی کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی کانفرنس کا سہرا موجودہ حکومت کو جاتا ہے۔ 40 سال بعد پاکستان میں او آئی سی کانفرنس کے انعقاد کا یہ اقدام وزیراعظم عمران خان نے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے دوران اسلام آباد میں ہفتہ اور پیر کو مقامی طور پر چھٹی ہو گی کانفرنس پارلیمنٹ میں ہو رہی ہے اس لیے اس دوران ریڈزون میں آنے جانے میں مشکلات پر عوام سے معذرت خواہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بہت اہم کانفرنس ہے اور اس کے سکیورٹی کے اقدامات پاک فوج، سویلین ادارے، ایجنسیز سی ڈی اے اور اسلام آباد پولیس مل کر کر رہے ہیں۔