اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے جنرل سیکرٹریٹ نے اسرائیلی قابض فوج کی طرف سے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولنے اور نمازیوں پر وحشیانہ حملے کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں ان کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ بدھ کو اسلامی تعاون تنظیم نے ایک بیان میں الخلیل (ہبرون) شہر میں مسجد الابراہیمی کو بند کرنے کی بھی شدید مذمت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی کا جنرل سیکرٹریٹ اسے اسرائیل کی جانب سے مقدس مقامات کے تقدس اور عبادت کی آزادی کی مسلسل خلاف ورزیاں اور جنیوا کنونشنز اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی تصور کرتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ او آئی سی نے اسرائیلی کی قابض حکومت کو ان جرائم اور منظم حملوں کے تسلسل کے نتائج کے لیے مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہرایا ہے جو خطے میں تشدد، کشیدگی اور عدم استحکام کو ہوا دیتے ہیں۔
او آئی سی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ شہر القدس میں اسلامی اور عیسائی مقدس مقامات کی تاریخی اور قانونی حیثیت کے تحفظ کو یقینی بنانے ان سنگین خلاف ورزیوں کے تدارک کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔