او آئی سی کے اعلیٰ سطح کے وفد کا دورہ مظفرآباد، آزاد کشمیر کے صدر و وزیر اعظم اور اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ سے ملاقاتیں کیں ، آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔11نومبر (اے پی پی):او آئی سی کے خصوصی ایلچی برائے جموں و کشمیر ایمبیسیڈر یوسف الدوبے اور اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل (انسانی امور) ایمبیسیڈر طارق علی بکیت نے لائن آف کنٹرول و آزاد جموں وکشمیر کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران برادر مسلم ممالک سعودی عرب، مراکش، سوڈان اور مالدیپ کے پانچ سینئر سفارت کاروں سمیت اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ مظفرآباد کا دورہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق وفد نے تھوتھا ریفیوجی کیمپ کا دورہ کیا جہاں انہیں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم سے فرار حاصل کرنے والے باشندوں کی سماجی و معاشی بہبود کے لیے اٹھائے گئے وسیع اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

مندوبین نے ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کا بھی دورہ کیا اور مہاجرین سے بات چیت کی۔ بعد ازاں، وفد نے بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ (UNMOGIP) سے ملاقات کی جہاں انہیں لائن آف کنٹرول اور موجودہ صورتحال پر سکیورٹی مانیٹرنگ میکنزم سے آگاہ کیا گیا۔ دورے کے دوران وفد نے صدر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سے ملاقات کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کے ارکان سے بھی ملاقات کی۔

مندوبین نے حکومت پاکستان کی جانب سے وفد کو لائن آف کنٹرول و آزاد جموں وکشمیر کا دورہ کرنے اور لائن آف کنٹرول کے اطراف کی صورتحال اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے اثرات کا مشاہدہ کرنے کا موقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔\932