او ٹی ٹی مارکیٹ تفریحی صنعت کیلئے گیمز چینجر ثابت ہو گی، وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین

76

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ صارفین کیلئے ٹاپ (او ٹی ٹی) ٹی وی پاکستان ورژن آف نیٹ فلیکس متعارف کرانے جا رہی ہے جو کہ ہماری زوال پذیر تفریح صنعت کیلئے گیم چینچر ثابت ہو گی، اس حوالے سے پیمرا جلد ہی گائیڈلائنز مکمل کر لے گا، ہم ٹیکنالوجی اور کنٹینٹ کمپنیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کریں گے اور انہیں کہیں گے کہ او ٹی ٹی سروس شروع کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور مشینیوں کا استعمال کر کے ملک کو نئی بلندیوں کی طرف لے جا سکتے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کا خواب بھی پورا ہو جائے گا، مستقبل میں ملک کی ترقی کیلئے ہمیں ہر صورت میں ویلیو ڈیٹا کو استعمال کرنا ہو گا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ مزید او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے ساتھ پاکستانی صارفین آسانی کے ساتھ اپنے اسمارٹ فونز پر پسندیدہ ٹی وی شو اور تازہ ترین مووی سیریز دیکھ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ساتھ سروسز مہیا کی جائیں گی اور اب اس کا تمام تر انحصار پرائیویٹ کمپنیوں پر ہے کہ وہ اپنی سروسز کو وسعت اور فروغ دے سکیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور ان کی ٹرانسفارمیشن سے جڑا ہوا ہے، کورونا وائرس نے پاکستان کو بھی موقع دیا ہے کہ مخالفت کرنے کی بجائے ہم بھی اس تبدیلی کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ او ٹی ٹی ہمیں ایڈورٹائزنگ کو مزید منافع بخش بنانے کے نئے راستے بتائے گا جیسا کہ ہر کسی کیلئے سبسکرپشن کے ساتھ مووی دیکھنا زیادہ عام ہو گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کوویڈ 19 لاک ڈاﺅن کی وجہ سے سینما تھیٹر کو بری طرح متاثر کیا ہے تاہم او ٹی ٹی کے ذریعے ٹیکنالوجی کی تبدیلی سے ہم اسے بحال کرنے کے قابل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے پاکستانی فلمی صنعت زوال کا شکار ہے اور اس کی بحالی کے سلسلے میں صارفین کیلئے ہمیں اسٹیٹ آف آرٹ ٹیکنالوجی سروسز متعارف کرانے کی طرف جانا ہو گا، ہمیں اپنی سروسز کو نہ صرف پاکستان بلکہ غیرملکی سرمایہ کاروں تک پھیلانے کی ضرورت ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا یہ صحیح سمت کی طرف جانے کیلئے بڑا قدم ہو گا اور مجھے توقع ہے کہ آنے والے سالوں میں پاکستانی فلم میکرز ویب کا رخ کریں گے۔