پشاور۔ 10 اپریل (اے پی پی):خیبر پختونخوا پولیس کے ریٹائر ہونے والے ایس پی فلک نیازاور ڈی ایس پی اختر گل کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس پشاور میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید ، ایڈیشنل آئی جی پیز آپریشنز،ہیڈ کوارٹرز،انوسٹی گیشن، سپیشل برانچ، ٹریننگ، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ، ڈی آئی جیز ہیڈ کوارٹرز،ٹریننگ، سیکیورٹی، کمانڈنٹ وڈپٹی کمانڈنٹ ایس ایس یو، ایلیٹ، اے آئی جی اسٹیبلشمٹ، پرنسپل سٹاف آفیسر اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز خیبر پختونخوا نے تقریب میں شرکت کی۔
ایس پی فلک نیاز اور ڈی ایس پی اختر گل گذشتہ 3 سے 4 دھائیوں تک خیبر پختونخوا پولیس میں مختلف عہدوں پر فرائض انجام دیتے رہے ہیں ۔ ان افسران نے سروس کے دوران دہشت گردی کے عفریت کا بھی سامناکیا اور عوام کی خدمت کرتے ہوئے محکمے کے وقار کو بلند رکھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی ذوالفقار حمید نے سبکدوش ہونے والے دونوں افسران کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر خوشی کا باعث ہے کہ وہ زندگی کے ایک سنگ میل کو عزت کے ساتھ عبور کرکے آج اپنے خاندان میں جارہے ہیں۔
آئی جی نے کہا کہ اے ایس آئی سے ایس پی تک کا سفرطویل اور دشوار گذارہے۔ اصل پولیسنگ فیلڈ میں رہ کر کیجاتی ہے اور آپ نے زندگی کا پرائم ٹائم فیلڈ میں رہ کر اپنے مخصوص کلچر کے اند ر رہتے ہوئے ہر قسم کے الزامات سے مبرا ہو کر عوام کی خدمت کی۔ آئی جی پی نے سبکدوش ہونے والے افسران کے لیے مستقبل میں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے تجربے سے فورس کو مستفیدکرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر آئی جی پی ذوالفقار حمید ، ایڈیشنل آئی جی پی انوسٹی گیشن اور آپریشنز،کاشف عالم اور محمد علی بابا خیل نے سبکدوش ہونے والے افسران کو یادگاری پولیس شیلڈز بھی پیش کیں۔