آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل، بھارت کا آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ

لندن۔7جون (اے پی پی):بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان بدھ کو کیننگٹن اوول، لندن میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل میچ شروع ہوا تو بھارتی کپتان اور مایہ ناز بلے باز روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ بھارت کی طرف سے محمد شامی نے بائولنگ اٹیک کیا۔

آسٹریلوی ٹیم کا آغاز کچھ خاص نہ تھا جب تیسرے اوور کی چوتھی گیند پر بھارت کے محمد سراج نے عثمان خواجہ کو 2 کے مجموعی سکور پر پویلین کی راہ دکھا دی۔ عثمان خواجہ 0 پر آئوٹ ہوگئے۔ واضح رہے کہ بھارتی ٹیم دوسری مرتبہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیل رہی ہے۔2021 میں پہلی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دی تھی۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میچ کی فاتح ٹیم کو 16 لاکھ امریکی ڈالرز جبکہ رنرز اپ ٹیم کو 8 لاکھ امریکی ڈالرز ملیں گے۔آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈکے کرس گیفانی اور انگلینڈکے رچرڈ ایلنگ ورتھ ایمپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں،انگلینڈ کے ہی رچرڈ کیٹلبرو ٹی وی ایمپائر ہیں ،ریزرو امپائرسری لنکاکمار دھرم سیناجبکہ میچ ریفری ویسٹ انڈیز کے رچی رچرڈسن ہیں۔