آئی پی ایل، لکھنئو سپر جائنٹس نے رائل چیلنجرز بنگلور کو ایک وکٹ سے ہرا دیا

Indian Premier League
Indian Premier League

بنگلور۔11اپریل (اے پی پی): لکھنئو سپر جائنٹس نے انڈین پریمیئر لیگ کے 15 ویں میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کو دلچسپ مقابلے کے بعد 1 وکٹ سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں تیسری کامیابی حاصل کر لی ۔لکھنئو سپر جائنٹس نے آئی پی ایل ٹیبل پر پہلی پوزیشن بھی حاصل کرلی۔ فاتح ٹیم نے 213رنز کا ہدف 20ویں اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔مارکس سٹوئنس اور نکولس پوران کی شاندار بلے بازی نے لکھنئو سپر جائنٹس کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان فاف ڈو پلیسس ،ویرات کوہلی اور گلین میکسویل کی نصف سنچریاں رائیگان گئی ۔نکولس پوران کو 19 گیندوں پر 62 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ایم چناسوامی سٹیڈیم، بنگلورو میں کھیلے گئے لیگ کے 15 ویں میچ میں رائل چیلنجرز بنگلورز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے۔کپتان فاف ڈو پلیسس ناقابل شکست 79،ویرات کوہلی 61اور گلین میکسویل 59 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔مارک ووڈ اور امیت مشرانے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

جواب میں لکھنئو سپر جائنٹس نے مارکس سٹوئنس اور نکولس پوران کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف 20 ویں اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔ مارکس سٹوئنس نے 30 گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنائے جبکہ نکولس پوران کو 19 گیندوں پر 7 فلک شگاف چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔یہ لکھنئو کی لیگ میں تیسری فتح ہے۔

اس فتح کے بعد لکھنئو کی ٹیم آئی پی ایل پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر بھی پہنچ گئی ہے۔رائل چیلنجرز بنگلورکے محمد سراج اور وین پارنیل نے تین ، تین اور ہرشل پیٹل نے دو جبکہ کیرن شرمانے ایک وکٹ حاصل کی۔ نکولس پوران عمدہ بیٹنگ پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔