آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغفیلی کی ملاقات

195

راولپنڈی۔5اکتوبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغفیلی نے منگل کو یہاں جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور عسکری اور بحری شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک خوشگوار تعلقات کی عظیم تاریخ اور مضبوط بھائی چارے کا جذبہ رکھتے ہیں جو کہ ایک پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔

ملاقات میں افغانستان کی موجودہ صورت حال اور علاقائی امن و استحکام پر اس کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار خاص طور پر کامیاب انخلاء کے آپریشنز میں مدد کو سراہا۔

انہوں نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ اس موقع پر فریقین نے پاک- سعودی عرب دفاعی اور سیکورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کی یقین دہانی کرائی۔