31 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 17, 2025
ہومضلعی خبریںآزاد کشمیر ، چوہدری عامر یاسین کا لائن آف کنٹرول کا دورہ

آزاد کشمیر ، چوہدری عامر یاسین کا لائن آف کنٹرول کا دورہ

- Advertisement -

کھوئی رٹہ۔ 16 مئی (اے پی پی):وزیرحکومت آزاد کشمیر چوہدری عامر یاسین نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا۔ انہوں نے چرھوئی سیکٹر کے علاقوں خانکہ کٹہرا، کیری ، گائی اور دیگر علاقوں میں بھارتی جارحیت سے متاثرہ مکانات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ سول آبادی پر جارحیت کی مگر اس کو جو منہ توڑ جواب ملا ہے اب دوبارہ ایسی غلطی کرنے سے پہلے سو بار سوچے گا ۔

انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے ہمارے فرنٹ لائن سپاہی ہیں ، حکومت متاثرینِ لائن آف کنٹرول کی بحالی اور ان کے نقصانات کا ازالہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی ۔انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ مہارت، دلیری اور قربانی کے جذبے سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان ناقابلِ تسخیر ہے اور کوئی دشمن اسے میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

- Advertisement -

انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر کی عوام پاکستان سے نظریاتی، روحانی اور تاریخی رشتہ رکھتی ہے، کشمیری عوام نے ہر دور میں افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے اور آج بھی کشمیری یہ عہد کرتے ہیں کہ وہ ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن جب ہمیں لسانی، مذہبی، یا علاقائی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوشش کرتا ہے، تو ہماری افواج قومی وحدت کی علامت بن کر سامنے آتی ہیں اور قوم کو ایک دھاگے میں پرو دیتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور بروقت فیصلہ سازی کی صلاحیت نے آج پاکستان کو ایک مضبوط، خودمختار اور باوقار ریاست بنا دیا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597911

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں