اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی): آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں آسٹریلیا کے بلے باز چھائے رہے۔ منگل کو ایم سی جی میلبورن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں آسٹریلوی بلے بازوں نے انگلش بولرز کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ، اوپننگ بلے باز ٹریوس ہیڈ اور ڈیوڈ وارنر نے میچ میں شاندار سنچریاں بنائیں ۔
ٹریوس ہیڈ نے 16چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سے 152 رنز بنائے جو ان کی کیریئر بیسٹ اننگز بھی ہےاور ڈیوڈ وارنر نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 102 بالوں پر8چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 106رنز کی انفرادی اننگز کھیلی ۔ آسٹریلیا کی اننگز کی خاص بات ٹریوس ہیڈ اور ڈیوڈ وارنر کی 269 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ تھی جس کی وجہ سے آسٹریلیا ایک بڑا ٹوٹل کرنے میں کامیاب رہا اور میچ میں ڈیوڈ وارنر نے اپنے ون ڈے کیریئر کے 6ہزار رنز بھی مکمل کرلئے ہیں۔
ٹریوس ہیڈ نے 152 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ، یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی تیسری سنچری تھی جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 106رنز بنائے،یہ ڈیوڈ وارنر کے ون ڈے کیریئر کی 19ویں سنچری تھی۔اس سنچری کے ساتھ ہی ڈیوڈ وارنر نے اپنے ون ڈے کیریئر کے 6ہزار رنز بھی مکمل کرلئے ہیں۔ ٹریوس ہیڈ کو 152 انفرادی سکور پر اولی سٹون نے کلین بولڈ کیا جبکہ ڈیوڈ وارنر کو 106 رنز کے انفرادی سکور پر اولی سٹون نے ڈیوڈ ویلی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کیا۔