آٹھواں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کل سےجنوبی افریقہ میں شروع ہوگا

ICC

کیپ ٹائون۔9فروری (اے پی پی): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کے زیر اہتمام ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا آٹھواں ایڈیشن (کل) جمعہ سے باضابطہ جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹائون سے شروع ہوگا۔میگا ایونٹ میں 10 خواتین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔

آسٹریلوی ویمن ٹیم ٹائٹل کے دفاع کے لئے کوشش کرے گی۔ پاکستان اور بھارت کی ویمنز ٹیموں کے مابین میچ 12 فروری کو کیپ ٹائون میں کھیلا جائے گا۔ ہوگا۔ ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2023کا افتتاحی میچ میزبان جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے مابین کیپ ٹائون میں کھیلا جائے گا جبکہ فائنل میچ 26 فروری کو شیڈول ہے جبکہ 27 فروری فائنل کا ریزرو ڈے ہوگا۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کوالیفائر کی فائنلسٹ ٹیمیں بنگلہ دیش اور آئرلینڈ بھی ٹورنامنٹ کی 10 ٹیموں میں شامل ہوگئی ہیں۔ میگا ایونٹ میں شامل10ٹیموں میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ،نیوزی لینڈ ، جنوبی افریقا، سری لنکا ، بنگلہ دیش ،پاکستان، بھارت، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ شامل ہیں۔

دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نیوزی لینڈ ، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ہمراہ گروپ ون میں شامل ہوگی جبکہ پاکستان، بھارت، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ گروپ ٹو میں شامل ہیں۔ ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر ٹیموں کے ساتھ ایک ایک میچ کھیلے گی جبکہ دونوں گروپ کی پہلی2 ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ تمام ناک آئوٹ مقابلے سیمی فائنلز اور فائنل کیپ ٹائون میں کھیلے جائیں گے۔ آئی سی سی نے ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ آفیشلز کا پہلے ہی اعلان کررکھا ہے۔

ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ 13 میچ آفیشلز میں تمام خواتین شامل ہیں۔تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام خواتین میچ آفیشلز ٹورنامنٹ سپروائز کریں گی۔آئی سی سی کے مطابق 13 رکنی پینل میں 3 ریفریز اور 10 امپائرز شامل ہیں۔آئی سی سی نے کہا ہے کہ میچ ریفریز کا تعلق بھارت، جنوبی افریقہ اور سری لنکا سے ہے، جن میں میچ ریفری، جی ایس لکشمی (بھارت)، شینڈرے فرٹز (جنوبی افریقہ)اور مشیل پریرا کا تعلق سری لنکا سے ہے۔ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی 10خواتین امپائرز کا تعلق انگلینڈ، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا اور بھارت سے ہےجن میں آن فیلڈ اور ٹی وی امپائرز میں بھارت سے ورندا راٹھی اور این جانانی ، انگلینڈ سے سو ریڈفرن ،

آسٹریلیا سے ایلوس شیریڈن اور کلیئر پولوساک ، ویسٹ انڈیز سے جیکولین ولیمز ،نیوزی لینڈ سے کم کاٹن ، جنوبی افریقا سے لارین ایجن بیگ ، انگلینڈ سےاینا ہیرس ، سری لنکا سے نیمالی پریرا شامل ہیں۔واضح رہے کہ 10 فروری سے شروع ہونے والے آٹھویں آئی سی سی ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے کرکٹ جنوبی افریقا کے چیف ایگزیکٹو فولیٹسی موسیکی بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، فولیٹسی موسیکی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد میگا ایونٹ میں شرکت کرے گی ۔