اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی تعلقات باہمی اعتماد، تعاون اور عالمی امن و ترقی کے عزم پر مبنی ہیں، اٹلی خطے میں امن کے فروغ میں موثر کردار ادا کر سکتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے جو ایک خوش آئند پیشرفت ہے۔ پیر کو اٹلی کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اٹلی کے قومی دن کی پرمسرت تقریب میں شرکت ان کے لئے باعث اعزاز ہے۔
انہوں نے حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کی جانب سے اٹلی کے عوام اور حکومت کو ان کے قومی دن پر دلی مبارکباد پیش کی۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی تعلقات کی بھرپور تاریخ ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، تعاون اور عالمی امن و ترقی کے عزم پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک جامع، طویل المدتی شراکت داری کے قیام کے خواہاں ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اٹلی امن کے فروغ میں موثر کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی 75 سالہ دوطرفہ تعلقات مکمل کر چکے ہیں اور دونوں ممالک کے روابط مسلسل مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ اٹلی کے وزیر داخلہ نے پاکستان کا دورہ کیا اور محنت کشوں کی نقل و حرکت سے متعلق ایک اہم دوطرفہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ علاقائی کشیدگی کے باوجود اٹلی کے وزیر داخلہ کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوطی کی عکاسی کرتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان 2013ء سے اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان (ایس ای پی) کے تحت موثر مکالماتی نظام قائم ہے اور دونوں ممالک سیاسی اور اقتصادی معاملات میں باقاعدہ مکالمے کے خواہاں ہیں۔ اس ضمن میں پولیٹیکل ڈائیلاگ کا آخری اجلاس رواں سال فروری میں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان ۔ اٹلی مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اگلے اجلاس کی میزبانی کے منتظر ہیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اٹلی پاکستان کا اہم تجارتی و اقتصادی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے جو ایک خوش آئند پیشرفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کئی اطالوی کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی ہیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اٹلی یورپی یونین میں پاکستانی طلبہ کے لئے ایک پرکشش مقام بن چکا ہے اور اس وقت تقریباً 3500 پاکستانی طلبہ اٹلی میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن میں سے اکثریت روم کی ”لا سپینزا یونیورسٹی“ میں زیر تعلیم ہے۔
وفاقی وزیر نے پاکستان میں اٹلی کی سفیر مریلینا آرمیلن اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت پاکستان اور اٹلی کے درمیان فائدہ مند شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=604374