اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں سالانہ بنیادوں پر16.4 فیصدکی نموریکارڈ

remittances

اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر16.4 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 633.5 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 16.4 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اٹلی سے ترسیلات زرکاحجم 544.2 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

فروری میں اٹلی سے ترسیلات زرکاحجم 73.9 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جوجنوری میں 82.8 ملین ڈالر اورگزشتہ سال فروری میں 73.9 ملین ڈالرتھا۔واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سمندرپارپاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زرکاحجم 18.082 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 18.308 ارب ڈالرتھا۔