اٹک ،محکمہ لائیو سٹاک کسانوں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے، ایڈیشنل ڈائریکٹر

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے میں مویشی پال کسانوں کو مالی طور پر مستحکم کرنے اور جانوروں کی افزائشِ نسل میں انقلابی تبدیلی لانے کے لیے سرگرم عمل ہیں جس کے تحت لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے بلا سود قرضوں کی فراہمی کا تاریخی آغاز کر دیا گیا ہے۔

اٹک۔ 16 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے میں مویشی پال کسانوں کو مالی طور پر مستحکم کرنے اور جانوروں کی افزائشِ نسل میں انقلابی تبدیلی لانے کے لیے سرگرم عمل ہیں جس کے تحت لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے بلا سود قرضوں کی فراہمی کا تاریخی آغاز کر دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک اٹک ڈاکٹر یاسر مصطفیٰ بٹ نے یہاں ایک خصوصی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے متعارف کروائے گئے اس تاریخی لائیو سٹاک کارڈ کے تحت چھوٹے مویشی پال کسانوں کو 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک کے بلا سود قرضہ جات فراہم کیے جا رہے ہیں جس کے لیے درخواستوں کی وصولی کا عمل 15 جولائی سے باقاعدہ شروع ہو چکا ہے۔

ڈاکٹر یاسر مصطفیٰ بٹ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کے تحت ایسے کسان اہل ہوں گے جو پانچ سے لے کر بیس نر جانور (کٹڑے یا بچھڑے) رکھتے ہوں، اور انہیں فی جانور 27 ہزار روپے کی رقم فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک فارمنگ یونٹ کے طور پر رجسٹریشن کے بعد کسان کو لائیو سٹاک کارڈ جاری کیا جائے گا جس کا حامل کسان کل رقم کا 25 فیصد حصہ اے ٹی ایم (ATM) مشین کے ذریعے نقد نکلوانے کا مجاز ہوگا جبکہ باقی ماندہ 75 فیصد رقم سے وہ اپنی تحصیل کے رجسٹرڈ ڈیلرز سے معیاری ونڈا، سائیلج اور منرل مکسچر خرید سکے گا تاکہ جانوروں کی بہترین پرورش ممکن ہو سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ رجسٹریشن کے عمل کو انتہائی آسان اور شفاف بنایا گیا ہے جس کے لیے کسان آن لائن پورٹل، کیو آر کوڈ یا قریبی ویٹرنری ہسپتال میں قائم کردہ خصوصی سہولت ڈیسک پر جا کر اپلائی کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ پنجاب بھر کے رہائشیوں کو 24 گھنٹے رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ہیلپ لائن نمبر 080009211 بھی چوبیس گھنٹے فعال کر دیا گیا ہے۔ لائیو سٹاک کارڈ کے حصول کے لیے ضروری ہدایات کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ درخواست دہندہ کا پنجاب کا رہائشی ہونا، درست اور فعال کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کا حامل ہونا اور درخواست گزار کے اپنے نام پر رجسٹرڈ موبائل سم کا ہونا لازمی شرائط میں شامل ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک اٹک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ حکومت پنجاب کا اٹک میں تعینات فیلڈ عملہ مویشی پال حضرات کو ہر طرح کی تکنیکی اور انتظامی سہولیات فراہم کرنے کے لیے فیلڈ میں موجود رہے گا تاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس انقلابی وژن کے ثمرات ضلع اٹک کے ہر چھوٹے بڑے کسان تک پہنچ سکیں۔