اٹک۔ 17 جنوری (اے پی پی):اٹک پولیس نے ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینس وین کو غائب کرنے والے ڈرائیور کو بیٹے سمیت گرفتار کر لیا۔ محمد شہزاد ولد محمد افضل سکنہ اٹک کینٹ نے درخواست پیش کی کہ مورخہ 09.09.2004 سے ایدھی فاؤنڈیشن میں بطور سرکل انچارج فرائض سر انجام دے رہا ہوں
مورخہ 15.09.2024 کو بوقت 21:30 پر یاسر علی/شمال خان نامی شخص نے کال کی کہ ڈاکٹر شعیب کلینک اٹک کے سامنے سے مریض اٹھا کر مردان لیکر جانا ہے جس پر بمطابق SOP’s تفصیلات ریکارڈ درج کر کے کیری وین ایمبولینس نمبری EA-1599 بذریعہ ڈرائیور عبدالرشید ولد سخی محمد کو بھیجا جو شعیب کلینک کے پاس پہنچ کر مردان کے لیے روانہ ہو گیا اسی رات ساڑھے بارہ بجے ڈرائیور سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو رابطہ نہ ہو سکا جس پر مردان سنٹر ڈی ایچ کیو ہسپتال مردان رابطہ کیا تو گاڑی اور نہ ہی ڈرائیور کا پتہ چل سکا جس بابت سپروائزر عامر اقبال نے تھانہ سٹی اٹک میں اغواء کی ایف آئی آردرج کروائی۔
مورخہ 17.09.2024 کو عبدالرشید کے بیٹے نوید نے مجھے کال کر کے بتایا کہ میرا والد اسوقت پشاور میں ہے اور اس سے گاڑی چوری ہو گئی ہے جو دونوں باپ بیٹا تھانہ سٹی اٹک میں آئے عبدالرشید نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا کہ مجھے کسی نے اغواء نہ کیا ہے جس پر ایف آئی آر خارج ہو گئی۔ بعد ازاں میں نے اپنے طور پر معلومات کی تو مجھے پتا چلا کہ دونوں باپ بیٹا نے ملی بھگت کر میرے ساتھ دھوکہ فراڈ کر کے گاڑی فروخت کر دی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کی ہدایات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے تھانہ سٹی اٹک پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش عمل میں لاتے ہوئے بیٹے کے ساتھ ملکر ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینس وین کو غائب کرنے والے ڈرائیور ملزم عبدالرشید ولد سخی محمد سکنہ حال مقیم شاہ نگر سنجوال کینٹ تحصیل و ضلع اٹک کو گرفتار کر لیا جبکہ اسکے بیٹے نوید کی گرفتاری کے لیے تحرک جاری ہے۔