اٹک۔ 08 جنوری (اے پی پی):اٹک پولیس نے سماج دشمن عناصر کے خلاف مختلف کارروائیاں کرتےہوئے12ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات اور اسلحہ برآمد کرلیا ہے، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کی ہدایات پراٹک پولیس نےسماج دشمن عناصر کےخلاف ضلع بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش شمشیر خان کو منشیات سمیت گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضہ سے 1590 گرام چرس برآمد کر لی، دوسری جانب تھانہ رنگو پولیس نے دانش کی تلاشی لینے پر 1500 گرام چرس برآمد کر لی ،اسی طرح تھانہ فتح جنگ پولیس نے گشت کے دوران مشکوک شخص محمد اقبال عرف بالی کی پڑتال کر نے پر 1500 گرام چرس برآمد کر لی۔
تھانہ انجراء پولیس نے منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے منشیات کے سوداگر محمد جعفرسے 1400 گرام چرس اور محمد عمران سے 1200 گرام چرس برآمد کر لی، مزید کارروائی میں تھانہ سٹی اٹک پولیس نے دورانِ گشت صداقت حسین کے قبضہ سے 1270 گرام چرس اور رومان احمدسے 570 گرام چرس برآمد کر لی، اسی طرح تھانہ صدر اٹک پولیس نے دورانِ تلاشی منشیات کے سوداگر مہتاب سے 520 گرام چرس اور محمد طارق اقبال کے قبضہ سے 530 گرام چرس برآمد کر لی۔
شراب فروشوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئےتھانہ سٹی حسن ابدال پولیس نے شراب فروش محمد شفاقت اور تھانہ سٹی اٹک نے عامر خان سے 10/10 لیٹر شراب برآمد کر لی ۔ اسلحہ ناجائز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تھانہ اٹک خورد پولیس نے دورانِ چیکنگ ملزم اظہر محمود سے اسلحہ ناجائز پسٹل 30 بور معہ ایمونیشن برآمد کر لیا۔
پولیس نے ملزمان کے خلا ف الگ الگ مقدمات درج کر کے آہنی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔اس موقع پر ڈی پی او اٹک کا کہنا تھا کہ سماج دشمن عناصر معاشرے کے ناسور ہیں جو کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، اٹک پولیس ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھ کر معاشرہ کو امن کا گہوارہ بناکر دم لے گی۔