اپرچترال کی 50 خواتین نے پیشہ وارانہ مہارتوں کی تربیت مکمل کرلی
اپرچترال کی 50 خواتین نے پیشہ وارانہ مہارتوں کی تربیت مکمل کرلی

مزید خبریں
پشاور۔ 03 اکتوبر (اے پی پی):حجرہ ویلیج سپورٹ آرگنائزیشن کی ڈیجیٹل اسکلزٹریننگ انیشی ایٹو کے تحت ضلع اپرچترال کی 50 خواتین نے سلائی، درزی کاری اورفیشن ڈیزائننگ کی پیشہ وارانہ تربیت مکمل کرلی۔ ہفتہ کو حجرہ ویلیج سپورٹ آرگنائزیشن کے ترجمان کے مطابق اس اقدام کے تحت شروع کیے گئے بااختیارخواتین منصوبے کا مقصد خواتین کو پیشہ وارانہ، ڈیجیٹل اورکاروباری مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ چھوٹے کاروبارشروع کرکے آمدن حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے خاندانوں کی مالی معاونت میں بھی کردار ادا کرسکیں۔
اس سلسلےمیں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سینٹرفارویمن بونی اپرچترال میں منعقد ہوئی جس میں ڈسٹرکٹ فنانس آفیسرفرحانہ حیات مہمان خصوصی تھی۔ خواتین کی کاروباری اورمارکیٹ سے متعلق صلاحیتوں کومزید بہتر بنانے کے لیے شرکاء کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ، کاروباری افراد کے لیے ای کامرس، ٹیکنالوجی سےآگاہی اورعملی تربیت بھی فراہم کی گئی۔
تربیتی پروگرام دوبیچزمیں منعقد کیا گیا جس میں داخلہ لینے والی تمام 50 خواتین نے کامیابی سے تربیت مکمل کی، تربیت مکمل کرنے پرہرشریک خاتون کو سرٹیفکیٹ کے ساتھ ایک موبائل فون بھی فراہم کیا گیا تاکہ وہ ڈیجیٹل ذرائع اورمواقع تک مسلسل رسائی حاصل کرتے ہوئے اپنی مہارتوں، مصنوعات اورخدمات کو فروغ دے سکے،حجرہ وی ایس او نے اس اقدام کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے پرپاکستان غربت مٹائو فنڈ (پی پی اے ایف) اورپی ٹی سی ایل جبکہ تربیتی پروگرام کے دوران تکنیکی معاونت اورشراکت داری پرانسٹی ٹیوٹ آف رورل مینجمنٹ کےکردارکوسراہا ۔







