اپریل میں شمالی وزیرستان سے پولیو کے دو کیسز رپورٹ ہونے کے بعد پولیو پروگرام نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اقدامات کئے ہیں ، عبدالقادر پٹیل

52

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ اپریل میں شمالی وزیرستان سے پولیو کے دو کیسز رپورٹ ہونے کے بعد پولیو پروگرام نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اقدامات کئے ہیں ، پولیو کے خلاف کامیابی کو برقرار رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

جمعہ کو جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ میرانشاہ سے 20 ماہ کے بچے میں پولیو کیس کی تصدیق ہوئی ہے، بچے کی معذوری 15 مئی کو رپورٹ ہوئی تھی، اپریل میں شمالی وزیرستان سے پولیو کے دو کیسز رپورٹ ہونے کے بعد پولیو پروگرام نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اقدامات کئے ہیں خصوصاً کراچی، پشاور اور کوئٹہ سے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ چند برسوں سے پولیو وائرس کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کی ہے اور اس کامیابی کو برقرار رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔وفاقی وزیر صحت نے مزید کہا کہ بچوں کی قوت مدافعت بڑھانے کے لئے والدین کو اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے لئے حفاظتی قطرے ضرور پلو انا چاہئے۔

وفاقی سیکرٹری صحت ڈاکٹر فخر عالم عرفان نے کہا ہے کہ سرحد پار وائرس کے پھیلاؤ کے روک تھام کے لئے پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت 23 مئی سے 27 مئی تک قومی مہم کا انعقاد کیا گیا۔کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ کیسز اسی علاقے سے رپورٹ ہورہے ہیں جہاں سے ہمیں چیلنجز درپیش ہیں اور ہم وائرس کے خاتمہ کے لئے بھرپور کوششیں کررہے ہیں اور اس کے مکمل خاتمہ تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔رواں برس پاکستان سے پولیو کے کل کیسوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے، تمام کیسز شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔