اپنی محنت اور قوم کی دعائوں سے ریسلنگ میں طلائی تمغہ جیتا، انعام بٹ

اسلام آباد ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی) ورلڈ بیچ گیمز میں پاکستان کیلئے طلائی تمغہ جیتنے والے پہلوان انعام بٹ نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ 6 ماہ سے اس میڈل کے حصول کیلئے تیاری کر رہے تھے اور انہیں تمام متعلقہ سرکاری اداروں کا تعاون اور مدد حاصل تھی، یہی وجہ ہے کہ وہ طلائی تمغہ جیتے میں کامیاب رہے۔ وطن واپسی کے بعد اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انعام بٹ نے کہا کہ میں نے قوم کی دعائوں اور اپنی محنت سے پاکستان کیلئے یہ میڈل حاصل کیا اور پاکستان کا پرچم سر بلند کیا جس پر مجھے فخر ہے اور میں نے اپنا میڈل مظلوم کشمیری عوام کے نام کر دیا ہے جو ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔ انعام بٹ نے کہا کہ دوحہ قطر میں ہونے والے ان عالمی مقابلوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے والا واحد پاکستانی تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک اپنی محنت سے ریسلنگ میں 70 سے زائد میڈل جیت چکا ہوں۔ ہمارے وسائل اور سہولیات محدود ہیں حکومت ریسلنگ کی سرپرستی کرے تو مزید بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ گولڈ میڈلسٹ انعام بٹ نے کہا کہ میں گوجرانوالہ میں فن پہلوانی کی تربیت کیلئے اکیڈمی بنا رہا ہوں اگر حکومت اور پنجاب سپورٹس بورڈ معاونت کرے تو گوجرانوالہ میں اس کھیل کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔