اپوزیشن اتحاد نے ایک مرتبہ پھر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا، ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے بعد صوبوں کے حصے میں نمایاں اضافہ ہوا ،خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کی مالی ضروریات وفاق پوری کر رہا ہے، طلال چوہدری

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ آج اپوزیشن اتحاد نے ایک مرتبہ پھر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا، ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے بعد صوبوں کے حصے میں نمایاں اضافہ ہوا اور وفاقی محاصل میں صوبوں کا شیئر تاریخ کی بلند سطح پر ہے،خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کی مالی ضروریات وفاق پوری کر رہا ہے،اپوزیشن بتائے کہ …

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ آج اپوزیشن اتحاد نے ایک مرتبہ پھر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا، ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے بعد صوبوں کے حصے میں نمایاں اضافہ ہوا اور وفاقی محاصل میں صوبوں کا شیئر تاریخ کی بلند سطح پر ہے،خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کی مالی ضروریات وفاق پوری کر رہا ہے،اپوزیشن بتائے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے آج تک وہاں کیا ترقیاتی کام کئے ہیں؟۔ بدھ کواپوزیشن اتحاد کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ فاٹا انضمام کے بعد صوبے کو خصوصی گرانٹس، ترقیاتی پراجیکٹس اور سکیورٹی اخراجات کے لئے وفاق باقاعدگی سے رقوم جاری کرتا رہا ہے،این ایف سی شیئر پر بے بنیاد الزامات لگانے کی بجائے آپ عوام کو بتائیں کہ خیبر پختونخوا حکومت نے خود اپنے ترقیاتی بجٹ کا بڑا حصہ استعمال نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن خیبرپختونخوا میں اپنے مالی نظم و نسق کو بہتر بنانے کی بجائے ذمہ داری مرکز پر ڈالنے کی روش اپنائے ہوئے ہے،صوبے میں امن و امان کی بہتری کے لئے وفاقی حکومت نے بھاری مالی اور انتظامی تعاون فراہم کیا جس سے کاروباری سرگرمیوں اور سماجی استحکام میں نمایاں بہتری آئی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ وفاقی حکومت قومی یکجہتی کے تقاضوں کے تحت ہر صوبے کے حقوق کی محافظ ہے،سیاسی فوائد کے لئے غلط بیانیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہئے،عوام کو حقائق سے آگاہ کرنا ضروری ہے تاکہ اپوزیشن کی پیدا کردہ غلط فہمیاں دور ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق سپیکر اسد قیصر کی جانب سے مایوسی پھیلانا غیر ذمہ دارانہ طرز عمل ہے،پی ٹی آئی کے دور حکومت میں دوست ممالک کو ناراض کیا گیا، سرمایہ کاروں کو غیر یقینی صورتحال میں دھکیلا گیا جبکہ موجودہ حکومت کی معاشی اور سفارتی پالیسیوں کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے، دوست ممالک کا ہم پر اعتماد بحال ہوا،سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا،اعلیٰ سطحی تجارتی و اقتصادی وفود کی پاکستان آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ مختلف شعبوں میں شراکت داری کے نئے دروازے کھل رہے ہیں، آج خطے میں پاکستان کا مثبت اور باوقار تشخص ابھر کر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں تجارت کے نام پر سیاست کی، قومی اقتصادی مفادات کی قیمت پر ذاتی بیانیہ آگے بڑھایا، بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد مجروح کیا،یہ لوگ نہ تجارت سمجھتے ہیں اور نہ ہی معیشت کی حرکیات سے واقف ہیں، جنہوں نے ملک کو معاشی نقصان پہنچایا۔ طلال چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت عملی اقدامات کے ذریعے ملکی معیشت کو مستحکم کر رہی ہے،خیبر پختونخوا میں ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے لئے وفاق اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور آئندہ بھی قومی ترقی کے ہر مرحلے میں صوبوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔