سوئی گیس ٹاسک فورس کی کارروائی، گیس چوری اور کمپریسر کے غیر قانونی استعمال پر 5 میٹر منقطع

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں

ملتان۔ 07 ستمبر (اے پی پی):سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

حالیہ کارروائیوں کے دوران ملتان کے مختلف علاقوں میں 60 مقامات کی چیکنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 5 گیس میٹر منقطع کر دیے گئے۔ایک میٹر جو الٹا لگا تھا تھا کاٹ لیا گیا ، چار میٹر کمپریسر استعمال کرنے کے باعث قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ، جس پر متعلقہ میٹرز منقطع کر دئیے گئے۔یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس کی ان کارروائیوں کا مقصد نہ صرف گیس چوری کا خاتمہ ہے بلکہ گیس پریشر میں بہتری، صارفین کو بلا تعطل فراہمی، اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ بھی شامل ہے۔

اس موقع پر جنرل منیجر سوئی گیس ملتان نے کہا کہ صارفین کی جان و مال کی حفاظت ادارے کے لیے خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے صارفین کو ہدایت کی کہ گیس استعمال کرنے سے قبل یہ ضرور تسلی کر لیں کہ کہیں گیس کی بو تو محسوس نہیں ہو رہی۔ اگر کسی بھی قسم کی گیس کی بو محسوس ہو تو فوری طور پر تمام کھڑکیاں اور دروازے کھول دیں اور گیس یا بجلی سے چلنے والے کسی بھی آلے کو ہرگز آن نہ کریں۔جنرل منیجر نے واضح کیا کہ گیس چوری اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ تمام صارفین کو محفوظ، معیاری اور مسلسل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔