اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور چیئرمین سینیٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بدعنوان سیاسی جماعتوں کا غیرفطری اتحاد ہے، ان کا ملتان میں جلسہ بدترین فلاپ شو تھا، اپوزیشن جماعتیں احمقوں کی جنت میں رہ رہی ہیں جو چند ہزار لوگوں کا مجمع جمع کر حکومت گرانا چاہتی ہیں۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے بدعنوان قائدین کو کیسز سے ریلیف دلوانے کے سلسلے میں حکومت پر دبائو ڈالنے کیلئے جلسہ جلسہ کھیل رہی ہیں تاہم بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کا عمل بلاتفریق جاری رہے گا۔ فیصل جاوید نے اپوزیشن کی تحریک کو عوام مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کورونا کا مقابلہ کر رہی ہے لیکن پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتیں جلسوں کا انعقاد کر کے قوم کا مذاق اڑا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ذاتی مفادات کیلئے عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہی ہیں، انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے غیرذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے کورونا پھیلا تو مریم نواز شریف، مولانا فضل الرحمان پیپلزپارٹی کی قیادت کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔