اپوزیشن ارکان قومی اسمبلی میں مجرم کیلئے نعرے بازی کرتے رہتے ہیں، سردارمحمدیوسف

76

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رکن قومی اسمبلی سردارمحمدیوسف نے کہاہے کہ اپوزیشن کے ارکان عوامی مفاد کوبھلاکرمجرم کیلئے نعرے بازی سے گریز کریں، ارکان کی کارگردگی کاجائزہ لینا چاہئے اور اس کی بنیادپرتنخواہ اورمراعات دینی چاہئے۔ منگل کوقومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پرگفتگو کرتے ہوئے سردارمحمدیوسف نے اپوزیش کوتنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ایک سال میں احتجاج اورشورشرابہ کے علاوہ انہوں نے کوئی کام نہیں کیا، اپوزیشن کواپنے حلف کے مطابق عوامی مسائل پربات کرنا چاہئے تھی مگرجس مقصد کیلئے وہ آئے ہیں وہ بھلاکرایک مجرم کیلئے نعرے بازی کرتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وہ تجویز دیں گے کہ ارکان کی کارگردگی کاجائزہ لینا چاہئے اوراس کی بنیاد پر تنخواہ اور مراعات دینی چاہئے،ایوان صحت، تعلیم، روزگار، مہنگائی اورامن وامان پربات ہونی چاہئے، اپوزیشن لیڈر کو اخلاقی طور پر ایوان میں موجودہونا چاہئے، وہ خود تین نسلوں سے حکومتوں کاحصہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں تیسری بارپی ٹی آئی کی حکومت آئی ہے، صوبہ میں اپوزیشن کودیوارسے لگایاگیاہے، وہاں پراپوزیشن ارکان کوان کے جائزفنڈز نہیں دئیے جارہے، تین سالوں سے بلدیاتی اداروں کو فنڈز نہیں دئیے گئے۔ انہوں نے کہاکہ ان کے حلقے میں صوبائی حکومت کوئی فنڈز نہیں دے رہی ،اس لئے وفاقی حکومت کوخصوصی فنڈز فراہم کرنے چاہئیں۔