اپوزیشن اپنے کرپٹ لیڈروں اور ان کی کرپشن کے دفاع کے لئے احتجاج کر رہی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات

190
پاکستان سائنس ایکسپو سے بین الاقوامی سطح پر ملک کا مثبت پیغام جائے گا، نمائش اداروں ا ور تنظیموں کو اپنی کامیابیاں پیش کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرے گی،وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنے کرپٹ لیڈروں اور ان کی کرپشن کے پیسوں کے دفاع کے لئے احتجاج کر رہی ہے‘ اپوزیشن جماعتوں کے پاس عوامی فلاح کا کوئی ایجنڈا نہیں ۔ جمعہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 72 سال کا گند دو سال میں صاف نہیں ہو سکتا۔ حالات کی بہتری کے لئے وقت درکار ہے۔ حکومت کی دو سالہ کارکردگی کا موازنہ مسلم لیگ (ن) سے کرلیں۔ ہم نے دو کرپٹ پارٹیوں سے عوام کی جان چھڑائی۔ انہوں نے ہر شعبے کو تباہ و برباد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ آج دوائیں مہنگی ہونے کی ذمہ دار گزشتہ حکومتوں کے چھوڑے ہوئے مافیا زہیں۔ ہماری حکومت کے پانچ سال مکمل ہوں گے تو ہماری گروتھ ریٹ‘ مہنگائی سمیت سب مسائل حل ہوں گے۔ ہم نے معیشت کو بحال کیا‘ ایکسچینج ریزروز کو ہم نے بہتر کیا‘ تجارتی خسارہ کم کیا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سیاسی بیروزگاروں کے جلسوں کا مقصد عوامی مفاد نہیں ہے۔ باہر بیٹھ کر انقلابی تقریریں کرنے والوں کو عوام سے ہمدردی ہے تو لندن میں بیٹھ کر عوام کی فکر کرنے کے بجائے واپس آئیں۔ ملک کھوکھلا کرکے جانے والے لندن میں بیٹھ کر لوگوں کو اکسا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے اپنی چوری چھپانے کے لئے نیب کا ادارہ بنایا۔کیس بھی انہوں نے ایک دوسرے پر بنائے،انہوں نے تسلیم کیا کہ چوری کا پیسہ ریکور نہ ہونے کی وجہ اداروں کا مضبوط نہ ہونا ہے۔ جس طرح انہوں نے منی لانڈرنگ کی ہے اس کی وجہ سے یہ فیٹف کی مخالفت کر رہے تھے۔ کرپٹ لیڈروں کو بچانے کے لئے یہ سب لوگ جمع ہو رہے ہیں۔ ان کے پاس عوام کے لئے کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔ اگر ہے تو نواز شریف تمام جائیداد بیچ کر بچوں سمیت وطن واپسی کا اعلان کریں۔ لندن بیٹھ کر تقریریں کر رہے ہیں۔ اپوزیشن کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما ضمانت پر جیل سے باہر ہیں اور لوگوں کو حکومت کے خلاف اکسا رہے ہیں۔ لیگی رہنما مفرور لیڈر کا ڈھٹائی سے دفاع کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ جب فیٹف کا بل کمیٹی میں آیا تو اپوزیشن اراکین اجلاس سے چلے گئے۔ فیٹف بل کے دوران اپوزیشن رہنما نیب بل کی بات کرنے لگے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں الیکشن پر اعتراض ہے تو شہباز شریف دو سال اپوزیشن لیڈر کیوں بنے رہے اور فضل الرحمان کے بیٹے کیوں اسمبلی میں ہیں۔ اپوزیشن کے استعفوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ عوام کے لئے باہر نہیں نکل رہے یہ اپنے لیڈر کے پیسے بچانے کے لئے نکل رہے ہیں۔ اپوزیشن استعفے دے میں مان جائوں گا۔ مسلم لیگ اندر سے ٹوٹی ہوئی ہے۔ نواز شریف کی تقریر کے بعد ان کے اپنے ارکان اسمبلی ان کو گالیاں دے رہے ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو یاد دلاتی رہے گی کہ آپ کو استعفے دینے ہیں۔ عمران خان نواز شریف کی طرح کہیں نہیں بھاگیں گے وہ یہاں ہی کھڑے رہیں گے۔