لاہور۔8نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں عوام کے مینڈیٹ کی توہین کر رہی ہیں۔ کسی کو ملکی اداروں کی تضحیک نہیں کرنے دیں گے۔اداروں کے خلاف باتیں کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ ملک دشمن بیانیہ پر چلنا نام نہاد لیڈروں کی ذہنی پسماندگی کو ظاہر کرتا ہے۔ملک و قوم کے مفادات کو ٹھیس پہنچانے والے رہبر نہیں ہو سکتے۔عوام کھوٹے کھرے کی پہچان رکھتے ہیں۔اپوزیشن ملک کو عدم استحکام کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔اپوزیشن جماعتوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ11جماعتوں کاغیر فطری اتحاد اکیلے عمران خان جیسے ایماندارلیڈر کے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔اپوزیشن اتحادپاکستان کی پائیدار ترقی کو روکنے کی سازش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے اپنے دور میں ووٹ کا تقدس پامال کرتے رہے۔اپوزیشن کے پاس لوٹ مار کے ذریعے اکٹھی کی دولت بچانے کا واحد ایجنڈا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان کے مفادات کو یکسر فراموش کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتشار پھیلانے والے عناصر کا اپنا اتحاد انتشار کا شکار ہو چکا ہے۔ کرپٹ ٹولہ احتساب نہیں بچ پائے گا،لوٹ مار کا حساب دینا ہوگا۔ کرپٹ عناصرکابلاامتیاز احتساب ہونے سے ہی پاکستان آگے بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں کرپٹ عناصر کے مخصوص ایجنڈے کی رتی بھر گنجائش نہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے عام آدمی کو سر اٹھا کر جینا سکھایا ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے عام آدمی کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں کھوکھلے نعرے لگائے۔ اپوزیشن نے ہر موقع پر عوام کو گمراہ کرنے کیلئے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ رہزنوں کا ٹولہ اپوزیشن اتحاد کی چھتری تلے اکٹھا ہوا ہے۔ قوم ایسے چور ٹولے کے جھانسے میں کبھی نہیں آئیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں فیصلے ملک و قوم کے مفاد میں کئے گئے ہیں۔